قانونی نوٹس کی اہمیت

Written by: Advocate Afshan Saleem

Published by advocateonline.pk

Introduction

تعارف

قانونی نوٹس ایک طرح کا رسمی اطلاعی دستاویز ہے کہ جس کے ذریعے ایک فریق دوسرے فریق یا فریقین کو اس بات سے مطلع کرتا ہے کہ وہ کسی قانونی معاملہ میں دوسرے فریق یا فریقین کے کسی عمل سے متاثرہ ہے اور اگر اس کی اس تکلیف کا ازالہ نہ کیا گیا تو وہ اس فریق یا فریقین کےخلاف کسی بھی قسم کی باقاعدہ قانونی کاروائی کا آغاز کر سکتا ہے۔ قانونی نوٹس لازمی طورپر ایک وکیل ہی کے ذریعے بھیجا جاتا ہے تا کہ وہ متاثرہ فریق کے حقوق کا تحفظ اور مناسب دادرسی کا تعین کر کے قانونی نوٹس کے مندرجات لکھے۔ ایک اچھے طریقے سے لکھے ہوئے قانونی نوٹس کی خا صیت یہ بھی ہے کہ بہت سے معاملات عدالت تک جانے سے پہلے ہی حل ہو جاتے ہیں اور فریقین ایک دوسرے سے معاملات عدالت کے باہر ہی طے کر لیتے ہیں جس کی وجہ سے عدالتوں پر بھی مقدمات کا بوجھ نہیں پڑتا۔

کسی بھی شخص  کو کسی دوسرے شخص سے  کوئی ایسی تکلیف یا ایذا رسانی ہوئی ہو کہ  جس کی داد رسی یا ازالہ ، رائج الوقت قوانین کے تحت  ممکن ہے یا وہ عمل قابلِ سزا ہے تو متاثرہ شخص پر لازم ہے کہ وہ کسی بھی باقاعدہ قانونی کاروائی سے قبل اس شخص کو  قانونی نوٹس کے ذریعے مطلع کرے  لیکن  اس میں  فوجداری نوعیت کے  جرائم شامل نہیں جو کہ   قابلِ دست اندازی پولیس ہیں اور شدید نوعیت کے ہیں مثلاً قتل، اغواء یا اسی نوعیت کے جرائم ۔ ان کی تفصیل قانونِ تعزیراتِ پاکستان میں درج ہے۔

 قانونی نوٹس ، عموماً کاروباری معاہدات، عائلی معاملات، دیوانی مقدمات، ہرجانہ کے مقدمات، ملازم اور آجر کے معاملات، کاپی رائٹ،   کرایہ دار اور مالک مکان کے معاملات، جائداد کے معاملات ، وراثت کے معاملات وغیرہ کے لیئے بھیجا جاتا ہے۔

Significance And Importance Of Legal Notice

ضرورت و اہمیت

کسی بھی قانونی کاروائی کا آغاز نہایت ہی اہم ہوتا ہے  خصوصاً دیوانی  معاملات میں قانونی نوٹس اور اس کے مندرجات مقدمات کے آخر تک عدالتی کاروائی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔  کسی بھی عدالت میں اپنا مقدمہ داخل کرنے پہلے مخالف فریق یا فریقین کو قانونی نوٹس دینا لازمی ہے ۔عدالت میں مقدمہ داخل کرتے ہوئے یہ قانونی نوٹس بطور ثبوت دیا جاتا ہے کہ مخالف فریق کو بذریعہ قانونی نوٹس اس بات سے آگاہ کیا گیا تھا کہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جاسکتی ہے اور اسے معاملات کا تصفیہ کرنے کا بھرپور موقع بھی فراہم کیا گیا تھا لیکن مخالف فریق معاملات کو باہمی بات چیت  کے ذریعے حل کرنے پر آمادہ نہیں لہذا عدالت سےرجوع کرنے کے علاوہ مدعی کے پاس کوئی چارہ نہیں۔

اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ قانونی نوٹس میں لکھی گئی عبارت کسی بھی مقدمہ کا مرکزی مدعا ہوتی ہے  ۔ قانونی نوٹس میں متاثرہ فرد اپنی تکلیف یا مطلوبہ حق  کو مفصل طور پر بیان کرتا ہے ساتھ ہی یہ کہ کس قانون کے تحت اسے کون سا حق اور دادرسی حاصل ہے ، اور کیا معاملہ فریقین کے ما بین حل طلب ہے ۔ لہذا ضروری ہے کہ قانونی نو ٹس  کو کسی وکیل  کے ذریعے ہی تیار کروا کر ہی بھیجا جائے۔

  How To Write A Legal Notice?

قانونی نوٹس لکھنے کا طریقہ

۔1۔ ایک قانونی نوٹس لکھتےہوئے نہایت احتیاط سے کام لینا چاہیئے۔ وکیل کو چاہیئے کہ وہ اپنے کلائنٹ کی پوری بات کو غور سے سنے اور تمام اہم نکات کو اپنے پاس لکھ لے۔ اس کے علاوہ تمام ضروری دستاویزات کی کاپی بھی کلائنٹ سے حاصل کرے تاکہ قانونی نوٹس تیار کرتے ہوئے  کسی بھی قسم کی تفصیل آسانی کے ساتھ لکھ سکے۔

۔ 2۔قانونی  نوٹس کا عنوان مختصر اور جامع ہو ناچاہیئے کہ جس سے معاملہ کی نوعیت کی وضاحت ہوتی ہو مثلاً

Notice for the compensation against the damaged goods

۔3۔ نوٹس میں مخالف فریق یا فریقین کا  مکمل پتہ درج ہونا چاہیئے تا کہ نوٹس مطلوبہ جگہ بآسانی پہنچ جائے۔

۔4۔نوٹس میں معاملے  کے حقائق اور واقعات کو جامع اندازمیں واقعات کی تاریخ کے ساتھ بیان کیا جانا چاہیئے۔

۔5۔  نوٹس میں متاثرہ فرد کی تکلیف/ ایذا رسانی / یا نقصان کی نوعیت کو مکمل طور سے لکھا جانا چاہیئے۔

۔6۔ نوٹس میں متاثرہ فرد کی مطلوبہ دادرسی اور قانون کے تحت اسےحاصل متعلقہ حقوق کو بیان کیا جانا چاہیئے۔

۔7۔ نوٹس میں مخالف فریق یا فریقین کو اس نوٹس کا جواب دینے اور معاملہ کا تصفیہ کرنے کے لیئے کافی وقت دیا جانا چاہیئے جو کہ عموماً سات یوم  کا ہوتا ہے ۔ متاثرہ فرد سات یوم کے مدت کےدو نوٹس بھی بھیج سکتا ہے۔ اس قانونی نوٹس میں یہ واضح طور پر لکھا جانا چاہیئے کہ نوٹس کا جواب نہ دینے اور معاملہ کا تصفیہ نہ کرنے کی صورت میں  مدعی عدالت سے رجوع کرے گا۔

۔8۔  اگر مخالف فریق حکومت یا کوئی حکومتی افسر ہو تو قانونی نوٹس کو ضابطہ  دیوانی کی دفعہ 80 کے تحت بتائے گئے طریقے  پر بھیجنا ہوگا۔

۔9۔قانونی نوٹس کو ہمیشہ ایک رجسٹرڈ پوسٹ کے ذریعے بھیجنا چاہیئے۔

What Should You Do If You Receive A Legal Notice?
اگر کسی کو قانونی نوٹس موصول ہو تو اسے کیا کرنا چاہیئے؟

اگر کسی کو کوئی قانونی نوٹس موصول ہو تو اسے مندرجہ ذیل نکات کا خیال رکھنا چاہیئے۔

۔1۔  قانونی نوٹس کو غور  سے پڑھیں اور فوری طور پر کسی وکیل سے رابطہ کریں۔

۔2۔ وکیل کو تمام معاملہ مکمل تفصیل کے ساتھ بتائیں تاکہ وکیل آپ کو بہترین مشورہ  دے سکے اور آپ کے قانون حقوق سے آپ کو آگاہ کر سکے۔

۔3۔ معاملے کو اچھی   طرح سے سمجھنے کے بعد اس قانونی نوٹس کا وکیل کے ذریعے جواب تیار کروائیں اور اگر آپ عدالت کے باہر تصفیہ کرنے کے لیئے تیار ہیں تو اس جواب میں واضح طور سے لکھیں۔ اس کے علاوہ آپ تنازعہ کے حل کے لیئے کوئی متبادل فورم استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس کی بھی وضاحت کریں۔ عام طور پر لوگ قانونی نوٹس کا تحریری جواب نہیں دیتے جو کہ ایک غلط قدم ہے۔ آپ کے لیئے  بہتر یہی ہے تحریری نوٹس کا جواب بھی تحریری طور پر دیا جائے  تاکہ اسے مستقبل میں بطورِ ثبوت استعمال کیا جا سکے۔

۔4۔ قانونی نوٹس کے جواب کو بھی ایک رجسٹرڈ پوسٹ سے بھیجنا چاہیئے۔

Conclusion

حاصلِ مطالعہ

کسی بھی دیوانی نوعیت کی عدالتی کاروائی کے آغاز کے لیئے فریق مخالف کو قانونی نوٹس بھیجنا لازمی ہے ۔ قانونی نوٹس کو کسی وکیل کے ذریعے ہی بھیجا جانا چاہیئے ۔ یہ ایک نہایت اہم دستاویز ہے کیونکہ ایک اچھے قانونی نوٹس کے ذریعے  تنازعہ کا تصفیہ عدالت کے باہر بھی ممکن ہو سکتا ہے۔ اگر کسی کو قانونی نوٹس موصول ہو تو اس صورت میں بھی وکیل سے مشاورت کے بعد اس قانونی نوٹس کا تحریری جواب ضرور دینا چاہیئے اور اگر  معاملہ کا عدالت میں مقدمہ کے علاوہ کوئی متبادل حل موجود ہو تو اسے اس تحریری جواب میں وضاحت کے ساتھ لکھا جانا چاہیئے۔ اس طرح فریقین  مستقبل میں قانونی پیچیدگیوں سے بچ سکیں گے۔

Back To Top